اکتوبر 28, 2026

امریکا سے جنگ بندی کی کبھی درخواست نہیں دی، دفاع کے لیے تیار ہیں: عباس عراقچی

تہران: ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے امریکی میڈیا کو دیے گئے انٹرویو میں واضح کیا کہ ایران نے امریکا سے جنگ بندی یا کسی قسم کے مذاکرات کے لیے کبھی درخواست نہیں دی۔

انہوں نے کہا کہ ایران کسی سیز فائر یا بات چیت کے لیے آمادہ نہیں اور اپنے دفاع کے لیے جتنی دیر بھی ضروری ہو تیار ہے۔ عراقچی نے مزید کہا کہ جب تک امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ یہ نہیں سمجھ لیتے کہ یہ ایک غیر قانونی جنگ ہے، ایران اپنے موقف پر قائم رہے گا۔

عباس عراقچی نے کہا کہ ایران مستحکم اور مضبوط ہے اور صرف اپنے عوام کا دفاع کر رہا ہے۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ امریکا کے ساتھ اب تک کوئی بات چیت کا اچھا تجربہ نہیں ہوا کیونکہ جب ایران بات چیت کے لیے تیار تھا، امریکا نے حملہ کیا۔

انہوں نے یہ بھی بتایا کہ آبنائے ہُرمز سے گزرنے کے لیے متعدد ممالک نے ایران سے رابطہ کیا ہے۔ خیال رہے کہ امریکی صدر ٹرمپ نے دعویٰ کیا تھا کہ ایران معاہدہ کرنا چاہتا ہے لیکن شرائط مناسب نہ ہونے کی وجہ سے وہ ابھی معاہدے کے لیے تیار نہیں۔