اپریل 18, 2026

گجرات پولیس کا کریک ڈاؤن، ناکہ بندی کے دوران دو ملزمان اسلحہ سمیت گرفتار

گجرات پولیس کی جانب سے ناجائز اسلحہ برداروں کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں اور اسی سلسلے میں تھانہ دولت نگر پولیس نے ناکہ بندی کے دوران دو ملزمان کو اسلحہ سمیت گرفتار کر لیا۔

تفصیلات کے مطابق ڈی پی او گجرات رانا عمر فاروق کی ہدایات پر ضلع بھر میں ناجائز اسلحہ رکھنے والوں کے خلاف سخت کریک ڈاؤن کیا جا رہا ہے۔ اس سلسلے میں ڈی ایس پی صدر سرکل رائے سرفراز یوسف کی نگرانی میں ایس ایچ او تھانہ دولت نگر سب انسپکٹر شفقت محمود نے اپنی ٹیم کے ہمراہ ناکہ بندی کے دوران ایک مشکوک کار کو رکنے کا اشارہ کیا۔

پولیس کے مطابق گاڑی کے ڈرائیور نے رکنے کے بجائے تیز رفتاری سے فرار ہونے کی کوشش کی تاہم پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے گاڑی کو روک لیا۔ تلاشی کے دوران گاڑی میں موجود دو افراد کے قبضے سے ایک عدد رائفل 222 بور اور ایک عدد پسٹل 30 بور معہ گولیاں برآمد کر لی گئیں۔

پولیس نے گرفتار ملزمان کی شناخت محمد شبیر ولد سردار خان اور رضا علی ولد محمد شبیر سکنائے ڈوگہ شریف کے نام سے کی ہے۔ ملزمان کو حراست میں لے کر ان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے جبکہ مزید تفتیش بھی جاری ہے۔