اکتوبر 29, 2026

پاکستان ہر وقت اور ہر صورت سعودی عرب کے ساتھ کھڑا ہے، ضرورت پڑی تو مدد کریں گے: مشرف زیدی

وزیراعظم کے ترجمان برائے غیر ملکی میڈیا مشرف زیدی نے کہا ہے کہ پاکستان ہر وقت اور ہر صورت سعودی عرب کے ساتھ کھڑا ہے اور ضرورت پڑنے پر اس کی ہر ممکن مدد کی جائے گی۔

ایک بین الاقوامی جریدے کو دیے گئے انٹرویو میں ترجمان وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اس بات میں کوئی شک نہیں کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تعلقات انتہائی مضبوط ہیں اور دونوں ممالک ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے رہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ہر حال میں سعودی عرب کی حمایت جاری رکھے گا۔

مشرف زیدی نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان سکیورٹی تعاون کوئی نئی بات نہیں بلکہ دونوں ممالک طویل عرصے سے ایک دوسرے کے دفاعی مفادات کا خیال رکھتے آئے ہیں اور مختلف شعبوں میں قریبی تعاون جاری ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ فیلڈ مارشل نے حال ہی میں ریاض میں سعودی وزیر دفاع سے ملاقات کی ہے جس میں مشترکہ دفاعی اقدامات اور خطے کی سکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ترجمان وزیراعظم کے مطابق وزیر خارجہ اسحاق ڈار بھی جنگ کے آغاز سے ہی ایران کے وزیر خارجہ کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں تاکہ خطے میں پیدا ہونے والی صورتحال پر بات چیت جاری رکھی جا سکے۔