اکتوبر 28, 2026

گجرات: غیر قانونی ہومیو پیتھک کلینک پر چھاپہ، ڈاکٹر رنگے ہاتھوں گرفتار

گجرات: ڈپٹی کمشنر گجرات اور سی ای او ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی گجرات کی ہدایات پر ڈپٹی ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر محمد عثمان نعیم نے تحصیل گجرات میں انسداد عطائیت مہم کے تحت کارروائی کی۔

ٹیم نے موضع عمر وال، گجرات میں قائم الشافی ہومیو کلینک پر چھاپہ مارا جہاں ہومیو پیتھک کلینک کی آڑ میں غیر قانونی طور پر ایلوپیتھک پریکٹس کی جا رہی تھی۔

کارروائی کے دوران مبینہ معالج کو مریضوں کو انجیکشن لگاتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑ لیا گیا۔ معائنے کے دوران کلینک سے استعمال شدہ سرنجوں، انجیکشنز اور دیگر شواہد بھی برآمد ہوئے جبکہ کوڑا دان استعمال شدہ سرنجوں سے بھرے ہوئے تھے۔

ہیلتھ ٹیم نے شواہد اکٹھے کرنے کے بعد کلینک کو سیل کر دیا جبکہ مزید قانونی کارروائی کے لیے کیس پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن (PHC) کو بھجوا دیا گیا ہے۔