وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ (سی سی ڈی) کو پریمیئر انویسٹی گیشن ایجنسی بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔ سرکاری اعلامیے کے مطابق جدید فارنزک ٹیکنالوجی، تفتیشی مہارتوں، مشینری اور جدید آلات کی مدد سے سی سی ڈی کو پاکستان کے جدید ترین اداروں میں تبدیل کیا جائے گا۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ مجرموں کا سراغ لگانے اور ان کی نگرانی کے لیے سی سی ڈی کو جدید ترین ٹیکنالوجی اور آلات فراہم کیے جائیں گے۔ جرائم کے خاتمے اور عوامی پذیرائی کے باعث سی سی ڈی کا دائرہ کار بھی بڑھایا جائے گا اور اسے دنیا کے پانچ بہترین کرائم کنٹرول اداروں کی طرز پر استوار کیا جائے گا۔
حکومت پنجاب کے مطابق سی سی ڈی میں جدید تحقیقی مرکز بھی قائم کیا جائے گا جبکہ وزیراعلیٰ مریم نواز نے سی سی ڈی کے جدید ترین ہیڈکوارٹر کے قیام کی منظوری بھی دے دی ہے۔ ہر ڈویژن، ضلع اور تحصیل میں سی سی ڈی کے دفاتر، تھانے اور رہائش گاہیں بھی تعمیر کی جائیں گی۔
اعلامیے کے مطابق غیر قانونی اسلحے کی روک تھام کے لیے نیا قانون بھی متعارف کرایا جائے گا۔ حکومت کا کہنا ہے کہ سی سی ڈی کے اقدامات کے نتیجے میں قتل اور خواتین کے خلاف جرائم میں نمایاں کمی آئی ہے جبکہ ڈکیتی کی وارداتوں میں 77 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے خواتین پر تیزاب پھینکنے کے واقعات کے سدباب کے لیے بھی سی سی ڈی کو خصوصی ٹاسک سونپ دیا ہے۔





