اکتوبر 28, 2026

ڈپٹی کمشنر عدیل حیدر اور خالد محمود رانجھا کا نگہبان رمضان بازار کا دورہ، سبسڈی والے ریٹس کی تعریف

منڈی بہاءالدین: (ڈاکٹر شاہد راٹھور سے ) ڈپٹی کمشنر عدیل حیدر نے ممبر صوبائی اسمبلی خالد محمود رانجھا کے ہمراہ نگہبان رمضان بازار کا دورہ کیا۔ انہوں نے رمضان بازار میں اشیاء کی کوالٹی ،صفائی ستھرائی اور سکیورٹی سمیت فراہم کی جانے والی دیگر سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا۔

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر اور ممبر صوبائی اسمبلی کو بتایا گیا کہ رمضان بازارمیں ایگریکلچر فئیر پرائس شاپ کے ذریعے اشیائے خوردونوش ، آٹا، گھی ، چینی ،پھلوں ،گوشت اور سبزیوں پر سبسڈی دی جارہی ہے اسی وجہ سے اشیائے خوردونوش کے ریٹس اوپن مارکیٹ کی نسبت رمضان بازار میں کم ہیں اور ریٹس کم ہونے کی وجہ سے صارفین کی بڑی تعداد رمضان بازاروں سے استفادہ حاصل کررہے ہیں۔

ڈپٹی کمشنر عدیل حیدر اور ممبر صوبائی اسمبلی خالد محمود رانجھا کا کہنا تھا کہ رمضان بازارکے قیام کا مقصد عوام بالخصوص کم آمدنی والے افراد کو ہر ممکن ریلیف فراہم کرنا ہے تا کہ وہ ماہ مقدس میں خدا کی نعمتوں سے زیادہ سے زیادہ مستفید ہو سکیں۔

انہوں نے واضح کیا کہ صارفین کی سہولت کو ہر صورت مقدم رکھا جائے، اشیائے خوردونوش کی قیمتوں ، معیاراور مقدار پر کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے۔