وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے خطے میں جاری جنگ اور ممکنہ پیٹرولیم بحران کے پیش نظر صوبے میں اہم معاشی اقدامات کا اعلان کر دیا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے پیٹرولیم بحران کے خاتمے تک صوبائی وزرا کے لیے سرکاری فیول بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ سرکاری افسران کی گاڑیوں کے لیے پیٹرول اور ڈیزل الاؤنس میں فوری طور پر 50 فیصد کمی کر دی گئی ہے۔
حکومتی فیصلے کے مطابق صوبائی وزرا اور اعلیٰ سرکاری افسران کے ساتھ پروٹوکول میں شامل اضافی گاڑیوں پر بھی پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ ناگزیر سکیورٹی کے لیے وزرا اور سینئر افسران کے ہمراہ صرف ایک گاڑی رکھنے کی اجازت ہوگی۔
مزید برآں سرکاری دفاتر میں ورک فرام ہوم کا نظام بھی نافذ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جس کے تحت صرف ضروری عملہ ہی دفاتر میں حاضر ہوگا جبکہ باقی ملازمین گھر سے فرائض انجام دیں گے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے تعلیمی اداروں کے حوالے سے بھی اہم فیصلہ کرتے ہوئے اعلان کیا کہ صوبے بھر میں اسکول، کالج اور یونیورسٹیاں 10 مارچ سے 31 مارچ تک بند رہیں گی، تاہم امتحانات شیڈول کے مطابق ہی ہوں گے۔ تعلیمی ادارے اس دوران آن لائن کلاسز کا اہتمام کر سکیں گے۔





