ڈنگہ( احتشام اللہ اسلم) مین بازار میں بد ترین ٹریفک جام معمول بن گیا۔ سینکڑوں ریرھیوں اور رکشوں نے شہر کے سب سے تنگ بازار پر قبضہ کر لیا۔ بلدیہ کی طرف سے بھاری جرمانوں کے باوجود ریڑھیوں والے ٹس سے مس نہ ہوئے۔ مین بازار سے گزرنے والی سڑک محلہ ریلوے آبادی‘ محلہ مائی دا ڈیرہ‘ محلہ رام باغ‘ محلہ شاہ سوار‘ محلہ رام باغ‘ محلہ شاہ فیصل‘ محلہ مغل پورہ‘ محلہ لوکڑی ٹالاں والی‘ محلہ آہیراں‘ محلہ شاہ تکیہ کو جانے کا واحد راستہ بھی ہے۔ نیز ڈنگہ کے مشرقی جانب موجود دیہات کے لوگ ڈنگہ‘ کھاریاں‘ ڈنگہ گجرات روڈ سے اتر کر اسی روٹ پر ان دیہات میں جاتے ہیں۔ مگر ریڑھی بانوں اور رکشہ والوں نے اس سڑک کو اپنی ملکیت سمجھ کر اس پر قبضہ کر لیا ہے۔ سارا دن اس بازار سے موٹر سائیکل اور کار تو درکنار پیدل چلنے والے بھی آسانی سے نہیں گزر سکتے۔ گھنٹوں ٹریفک بلاک رہتی ہے جس کے باعث لوگوں کو شدید دھویں میں بازار میں کھڑا ہونا پڑتا ہے۔ عید کی خریداری کے لئے آنے والوں کے باعث بازار میں لوگوں کے گزرنے کی گنجائش مزید ختم ہو گئی ہے۔ اہل ڈنگہ نے ڈپٹی کمشنر گجرات اور پیرا فورس گجرات سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ نوٹس لے کر اس بازار سے تجاوزات ختم کروائیں تا کہ شہری کم از کم اپنے گھروں تک تو جا سکیں۔



