وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ افغانستان نے ہمیشہ دہشت گردی کی پشت پناہی کی ہے اور افغان حکومت پر مزید اعتبار کرنا درست نہیں۔ جیونیوز سے خصوصی گفتگو میں خواجہ آصف نے بتایا کہ پاکستان نے افغانستان سے بات چیت کے ذریعے مسائل حل کرنے کی بھرپور کوششیں کیں، لیکن کابل حکومت پر مزید اعتماد کرنا خطرناک ہو سکتا ہے۔
خواجہ آصف نے کہا کہ افغانستان میں کالعدم ٹی ٹی پی کی پشت پناہی اسی وجہ سے ممکن ہوئی اور اگر افغان حکومت ان کی حمایت نہ کرتی تو یہ تنظیم بہت پہلے ختم ہو چکی ہوتی۔ انہوں نے واضح کیا کہ کابل حکومت پر اعتماد کرنا ایک بڑا خطرہ ہے اور موجودہ حالات میں یہ نہ آج قابل قبول ہے، نہ مستقبل میں ہوگا۔
انہوں نے بین الاقوامی مسائل پر بھی بات کرتے ہوئے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں پوری دنیا پر اثرانداز ہو رہی ہیں، ایران ہمارا برادر ملک ہے اور دیگر اسلامی ممالک بھی ہمارے بھائی ہیں، دعا کریں کہ یہ عارضی مرحلہ ہو اور اس تنازع کا کوئی حل نکل آئے۔




