اپریل 19, 2026

عوام کے لیے بڑا ریلیف: وزیراعلیٰ کے پی کا ہر رجسٹرڈ موٹر سائیکل سوار کو 2200 روپے سبسڈی دینے کا اعلان

خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے معاون خصوصی برائے اطلاعات شفیع جان اور مشیر خزانہ مزمل اسلم کے ہمراہ ایک پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی حکومت کی جانب سے پیٹرول کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کو یکسر مسترد کر دیا ہے۔ انہوں نے وفاق پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ "جعلی حکومت” نے عوام پر پیٹرول کا ایٹم بم گرایا ہے، وفاق کو چاہیے کہ وہ عوام پر بوجھ ڈالنے کے بجائے اپنی شاہ خرچیاں کم کرے۔ وزیراعلیٰ نے ماضی کے واقعات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ہم نے پنجاب کے سیلاب، کراچی کی آگ اور نواز شریف کی صحت جیسے معاملات پر کبھی سیاست نہیں کی، لیکن اب بانی پی ٹی آئی کی صحت پر سیاست کی جا رہی ہے۔

صوبائی عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے وزیراعلیٰ نے بڑے پیکیج کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ صوبے میں موجود تقریباً 14 سے 16 لاکھ رجسٹرڈ موٹر سائیکل سواروں کو 2200 روپے ماہانہ سبسڈی دی جائے گی تاکہ ان کے سفری اخراجات کا بوجھ کم ہو سکے۔ اس کے علاوہ انہوں نے واضح کیا کہ بی آر ٹی کے کرایوں میں کوئی اضافہ نہیں کیا جائے گا اور حکومت خود یہ اخراجات برداشت کرے گی۔ انتظامی سطح پر کفایت شعاری اپناتے ہوئے وزیراعلیٰ نے نئی گاڑیوں کی خریداری اور سرکاری سطح پر بین الاقوامی دوروں پر پابندی لگا دی ہے، اور اعلان کیا ہے کہ ہیلی کاپٹر کریش ہونے کے باوجود نیا ہیلی کاپٹر نہیں خریدا جائے گا۔