اکتوبر 30, 2026

مشرقِ وسطیٰ میں فضائی بحران شدت اختیار کر گیا: 5 دنوں میں 20 ہزار سے زائد پروازیں منسوخ، پاکستان سے آپریشن بری طرح متاثر

مشرقِ وسطیٰ میں جاری جنگ کے باعث عالمی فضائی نظام کو شدید دھچکا پہنچا ہے اور گزشتہ پانچ روز کے دوران 8 ممالک کی 20 ہزار سے زائد پروازیں منسوخ ہو چکی ہیں۔ پاکستان میں بھی مسلسل چھٹے روز فلائٹ آپریشن متاثر رہا، جہاں آج مزید 145 پروازیں منسوخ کر دی گئیں۔ ایوی ایشن ذرائع کے مطابق کراچی اور اسلام آباد سے 35، 35 جبکہ لاہور سے 29 پروازیں منسوخ ہوئیں۔ اس کے علاوہ پشاور، ملتان، سیالکوٹ، فیصل آباد اور کوئٹہ سے بھی درجنوں پروازیں منسوخی کا شکار ہوئیں۔ دوسری جانب خلیجی ممالک سے ہنگامی انخلا کے لیے دبئی، ابوظبی اور شارجہ سے 167 خصوصی پروازیں آپریٹ کی گئیں، تاہم ریاض اور دمام میں فضائی آپریشن بدستور متاثر ہے جہاں بدھ کے روز 57 پروازیں منسوخ اور 46 تاخیر کا شکار ہوئیں۔ کویت اور دوحہ کی صورتحال اس سے بھی زیادہ سنگین ہے جہاں گزشتہ پانچ روز سے ایک بھی پرواز آپریٹ نہیں ہو سکی۔ عالمی فضائی ڈیٹا کے مطابق ایران کی 240، عراق کی 215 اور تل ابیب کی 380 پروازیں بھی جنگ کی نذر ہو چکی ہیں، جس سے لاکھوں مسافر مختلف ایئرپورٹس پر محصور ہو کر رہ گئے ہیں۔