جماعت اسلامی پی پی 34 کی جانب سے گردنوالہ سے کراڑیوالہ روڈ کی شدید خستہ حالی اور تین سال سے جاری حکمرانوں کی بے حسی پر گہری تشویش کا اظہار کیا گیا ہے، جس کے حوالے سے امیر جماعت اسلامی پی پی 34 چوہدری اظہر اقبال نے ایک اہم پریس ریلیز جاری کی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اس اہم سڑک کی طویل عرصے سے تعمیر و مرمت نہ ہونا متعلقہ حکام کی نااہلی اور عوام دشمن پالیسیوں کا واضح ثبوت ہے، جس کے باعث علاقہ مکینوں بشمول طلبہ، بزرگوں اور خواتین کو روزانہ کی بنیاد پر آمد و رفت میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ بارش کے ایام میں یہ سڑک کیچڑ اور گرد و غبار کا گڑھ بن جاتی ہے، جس پر متعدد بار شکایات کے باوجود انتظامیہ نے صرف وعدوں پر ٹرخایا اور کوئی عملی قدم نہیں اٹھایا۔ چوہدری اظہر اقبال نے مطالبہ کیا ہے کہ سڑک کی فوری تعمیر شروع کی جائے، بصورتِ دیگر جماعت اسلامی عوام کے ساتھ مل کر بھرپور احتجاج کا حق محفوظ رکھتی ہے کیونکہ عوامی مسائل کا حل حکومت کی اولین ذمہ داری ہے۔





