سعودی عرب (ادریس احمد سے ) خادمِ حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود اور ولی عہد و وزیر اعظم شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کی ہدایت پر پاکستانی جڑے ہوئے بچوں سفیان اور یوسف کو سعودی دارالحکومت ریاض منتقل کر دیا گیا، جہاں وہ اپنی فیملی کے ہمراہ کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچے،ایئرپورٹ پر پہنچنے کے بعد جڑواں بچوں کو فوری طور پر طبی معائنے اور علیحدگی کی سرجری کے امکان کا جائزہ لینے کے لیے کنگ عبداللہ اسپیشلسٹ چلڈرن ہسپتال منتقل کر دیا گیا، جو وزارتِ نیشنل گارڈ کے زیرِ انتظام چلنے والا ایک جدید طبی ادارہ ہے،اس موقع پر شاہی عدالت کے مشیر، شاہ سلمان ہیومینٹیرین ایڈ اینڈ ریلیف سنٹر کے سپروائزر جنرل اور جڑواں بچوں کے لیے سعودی پروگرام کی میڈیکل و سرجیکل ٹیم کے سربراہ ڈاکٹر عبداللہ الربیعہ نے اس عظیم انسان دوست اقدام پر دانشمندانہ قیادت کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا،انہوں نے کہا کہ یہ اقدام سعودی عرب کی طبی قیادت اور انسانی ہمدردی کے جذبے کی عکاسی کرتا ہے، جبکہ مملکت دنیا بھر میں پیچیدہ حالات سے دوچار بچوں کی دیکھ بھال اور علاج کے اپنے مشن کو مسلسل جاری رکھے ہوئے ہے۔




