ستمبر 12, 2026

نیشنل ڈیٹابیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی کی سالانہ رپورٹ جاری، 97 فیصد آبادی رجسٹرڈ

نیشنل ڈیٹابیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) کے مطابق ملک کی 97 فیصد آبادی سرکاری طور پر رجسٹرڈ ہو چکی ہے۔ ادارے نے اپنی سالانہ رپورٹ وزارت داخلہ میں جمع کرا دی ہے جبکہ ترجمان نادرا شباحت علی نے ایک سالہ کارکردگی کا ڈیٹا ویڈیو بیان کی صورت میں جاری کیا ہے۔
ترجمان کے مطابق پاکستان میں رجسٹرڈ شہریوں کی تعداد 22 کروڑ 70 لاکھ تک پہنچ چکی ہے، جن میں 48 فیصد خواتین اور 52 فیصد مرد شامل ہیں۔ رپورٹ کے مطابق 3 کروڑ 19 لاکھ بچوں کی پیدائش کا اندراج یونین کونسلز میں ہو چکا ہے تاہم یہ بچے تاحال نادرا سے باقاعدہ رجسٹرڈ نہیں ہو سکے۔
ویڈیو بیان میں بتایا گیا کہ نادرا کے بائیومیٹرک ڈیٹا بیس میں 17 کروڑ شہریوں کے چہروں کی شناخت، ایک ارب 68 کروڑ فنگر پرنٹس اور 70 لاکھ افراد کی آنکھوں کا ڈیٹا محفوظ ہے۔ مجموعی رجسٹریشن میں 11 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا جبکہ بچوں کی رجسٹریشن میں 18 فیصد اور خواتین کی رجسٹریشن میں 8 فیصد اضافہ سامنے آیا۔
ترجمان شباحت علی کے مطابق ملک بھر میں نادرا کے 938 رجسٹریشن سینٹرز فعال ہیں۔ سال 2025 کے دوران 75 نئے رجسٹریشن سینٹرز اور 138 نئے کاؤنٹرز قائم کیے گئے جبکہ سمندر پار پاکستانیوں کی رجسٹریشن سہولیات میں بھی وسعت دی گئی۔ مزید برآں پاک آئی ڈی ایپلیکیشن نادرا کی 15 فیصد ذمہ داری سنبھال چکی ہے اور اس کی ڈاؤن لوڈز کی تعداد ایک کروڑ 20 لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے