اپریل 17, 2026

پی سی بی چیئرمین محسن نقوی کی قومی ہاکی ٹیم کے کھلاڑیوں سے ملاقات، بحران کے ختم ہونے تک حمایت جاری رکھنے کا اعلان

لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی نے پاکستان ہاکی میں جاری بحران کے خاتمے تک مینز ہاکی ٹیم کے کھلاڑیوں کی مکمل مدد جاری رکھنے کا اعلان کر دیا ہے۔ لاہور میں قومی ہاکی ٹیم کے کھلاڑیوں سے ملاقات کے دوران کھلاڑیوں نے انہیں پرو ہاکی لیگ کے دوران پیش آنے والے ناخوشگوار واقعات سے آگاہ کیا۔
محسن نقوی نے کھلاڑیوں کے ساتھ مبینہ بدسلوکی پر افسوس کا اظہار کیا اور انہیں یقین دہانی کرائی کہ پی سی بی ہاکی ٹیم کے معاملات میں ہر ممکن سہولت فراہم کرے گا۔ انہوں نے ہدایت دی کہ مصر میں ہونے والے ورلڈ کپ کوالیفائر ٹورنامنٹ کے لیے فوری فضائی ٹکٹ، کھیلوں کا سامان اور ہوٹل رہائش کا بندوبست کیا جائے جبکہ جمعہ سے کھلاڑیوں کے لیے تربیتی کیمپ قائم کیا جائے اور تمام تیاریاں جمعرات کی رات تک مکمل کر لی جائیں۔

چیئرمین پی سی بی نے زخمی کھلاڑیوں کو فوری طبی سہولیات فراہم کرنے کی بھی ہدایت کی اور کہا کہ کھلاڑی صرف کھیل پر توجہ دیں، پاکستان کی عزت سب سے پہلے ہے اور کسی بھی صورت ملک کے وقار کو مجروح نہیں ہونے دیا جائے گا۔ ملاقات کے دوران کھلاڑیوں میں حالیہ قومی ہاکی ٹورنامنٹ میں رنر اپ رہنے پر فی کس 10 لاکھ روپے کے چیک بھی تقسیم کیے گئے، جو ایک سابقہ اعلان کی تکمیل تھی۔
کھلاڑیوں نے مشکل وقت میں ملاقات، تعاون اور حوصلہ افزائی پر چیئرمین پی سی بی کا شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر قومی ہاکی ٹیم کے کپتان عماد بٹ نے بھی دعویٰ کیا کہ قومی ہاکی ٹیم کے تمام معاملات چیئرمین پی سی بی دیکھیں گے۔ تاہم بعد ازاں محسن نقوی نے ایک بیان میں واضح کیا کہ وہ پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر نہیں بن رہے، تاہم بحران کے خاتمے تک کھلاڑیوں کی مدد جاری رکھی جائے گی۔
یہ وضاحت اس وقت سامنے آئی جب طارق بگٹی نے پی ایچ ایف کے صدر کے عہدے سے باضابطہ استعفیٰ دے دیا اور وزیر اعظم کو ارسال کیا۔ پاکستان ہاکی ٹیم کے آسٹریلیا دورے کے دوران غیر معیاری سہولیات کی ویڈیوز سامنے آئی تھیں، جس پر وطن واپسی پر کپتان عماد بٹ نے غیر معیاری رہائش فراہم کیے جانے کی شکایت کرتے ہوئے مزید کام کرنے سے انکار کیا اور فوری کارروائی کا مطالبہ کیا۔
جمعرات کو پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر طارق بگٹی نے عماد بٹ پر پابندی عائد کرتے ہوئے اپنا عہدہ چھوڑ دیا، جس کے بعد پی سی بی چیئرمین محسن نقوی نے فوری اقدامات کرتے ہوئے قومی ٹیم کی مدد کا اعلان کیا تاکہ ٹیم ورلڈ کپ کوالیفائر کے لیے بروقت تیار ہو سکے۔