اکتوبر 28, 2026

بانی پی ٹی آئی کی رہائی کے لیے فورس بنانے کا اعلان

اسلام آباد: وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے بانی چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی رہائی کے لیے فورس بنانے کا اعلان کر دیا۔
سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سہیل آفریدی کا کہنا تھا کہ انہیں بانی کی جانب سے اسٹریٹ موومنٹ کی ذمہ داری دی گئی ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ عدالتی احکامات پر عملدرآمد نہیں ہو رہا اور ذاتی معالجین تک رسائی بھی نہیں دی جا رہی۔
وزیراعلیٰ نے اعلان کیا کہ وہ “بانی رہائی فورس” قائم کر رہے ہیں جس کی باقاعدہ رجسٹریشن کی جائے گی۔ ان کے مطابق یہ فورس پرامن جدوجہد کرے گی اور عید کے فوراً بعد 22 فروری کو پشاور میں فورس کے اراکین سے حلف لیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ فورس کا باقاعدہ چین آف کمانڈ ہوگا اور جسے عمران خان ذمہ داری دیں گے، وہی اس کی قیادت کرے گا۔
سہیل آفریدی نے مزید کہا کہ پہلے مکمل تیاری کی جائے گی، اس کے بعد جدوجہد کی جائے گی۔ ان کے مطابق یہ جدوجہد جمہوریت، آئین کی بالادستی اور آزاد میڈیا کے لیے ہوگی۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پارٹی کے اندر جو لوگ انہیں ہٹانے کی خواہش رکھتے ہیں وہ جان لیں کہ عزت و ذلت اللہ کے ہاتھ میں ہے، اور اس حوالے سے پیغام دینے والوں سے متعلق بانی پی ٹی آئی کی بہنوں سے پوچھا جا سکتا ہے۔