اکتوبر 28, 2026

عطا تارڑ نے پی ٹی آئی سے ڈیل کی خبریں مسترد کر دیں، عمران خان کی صحت پر سیاست نہ کرنے کی اپیل

وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے پی ٹی آئی سے کسی ڈیل کی خبروں کی سختی سے تردید کی ہے۔

لندن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نہ کوئی ڈیل ہے اور نہ ڈھیل، یہ سب قیاس آرائیاں ہیں۔ عطا تارڑ نے بتایا کہ بانی پی ٹی آئی کی آنکھ کی تکلیف کو لے کر سوشل میڈیا پر سنسنی پھیلائی گئی، اور حکومت کی ذمہ داری تھی کہ ہیلتھ کیئر فراہم کی جائے، جو کہ مکمل کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کی صحت بہتر ہے اور یہ مسئلہ حل ہو چکا ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ عمران خان کے صحت کے مسائل کو طبی ماہرین نے بھی دیکھا اور ان کے پارٹی رہنماؤں کو بریفنگ دی گئی۔ انہوں نے اپوزیشن کو واضح کیا کہ عمران خان کی صحت کے معاملے پر سیاست نہیں ہونی چاہیے۔

دوسری جانب وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی صحت کے حوالے سے حکومت نے کوئی مطالبہ پورا نہیں کیا۔ سہیل آفریدی نے بتایا کہ ان کے مطالبات میں رپورٹ شامل نہیں تھی بلکہ یہ تھے کہ بانی پی ٹی آئی کو ذاتی ڈاکٹر اور فیملی سے ملاقات کی اجازت دی جائے، کیونکہ یہ ان کا آئینی اور قانونی حق ہے۔

انہوں نے سوال اٹھایا کہ حکومت ذاتی معالج کی اجازت نہ دے کر کیا چھپا رہی ہے۔