اپریل 17, 2026

ڈنگہ: رمضان المبارک میں عوام کو ریلیف دینے کے لیے سیکرٹری مارکیٹ کمیٹی اور سبزی و فروٹ منڈی کے تاجروں کا اہم اجلاس، قیمتیں کنٹرول کرنے کا فیصلہ

ڈنگہ (احتشام اللہ اسلم)

رمضان المبارک کے بابرکت مہینے میں عوام کو سستی اور معیاری اشیائے خوردونوش کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے انجمن آڑھتیان سبزی و فروٹ منڈی ڈنگہ کے دفتر میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں سیکرٹری مارکیٹ سکندر حیات، انجمن آڑھتیان کے عہدیداران اور سبزی و فروٹ منڈی کے نمایاں تاجران نے شرکت کی۔

​اجلاس کے دوران رمضان المبارک میں سبزیوں اور پھلوں کی قیمتوں میں استحکام برقرار رکھنے، سپلائی چین کو مؤثر بنانے اور اشیاء کی وافر مقدار میں دستیابی یقینی بنانے کے حوالے سے تفصیلی مشاورت کی گئی۔

​سیکرٹری مارکیٹ سکندر حیات نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ کی ہدایات کے مطابق قیمتوں پر کڑی نظر رکھی جائے گی اور کسی بھی قسم کی ذخیرہ اندوزی یا ناجائز منافع خوری برداشت نہیں کی جائے گی۔ انجمن آڑھتیان کے نمائندگان نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ انتظامیہ کے ساتھ مکمل تعاون کریں گے اور رمضان المبارک میں عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات اٹھائیں گے۔

​اجلاس میں یہ بھی طے پایا کہ منڈی میں روزانہ کی بنیاد پر نرخوں کا جائزہ لیا جائے گا اور سپلائی میں کسی قسم کی کمی واقع نہ ہونے دی جائے گی تاکہ شہری بلا رکاوٹ معیاری سبزیاں اور پھل مناسب قیمتوں پر حاصل کر سکیں۔