غزہ میں اسرائیلی فوج کی جانب سے جنگ بندی کی خلاف ورزیاں جاری ہیں اور تازہ حملوں میں مزید 11 فلسطینی شہید ہوگئے ہیں۔
فلسطینی ریڈ کراس کے مطابق شمالی غزہ میں خیمہ بستی پر کیے گئے ایک حملے میں کم از کم 6 جبکہ جنوبی حصے میں ایک اور حملے میں 5 فلسطینی شہید ہوئے۔ اسرائیل ڈیفنس فورسز نے دعویٰ کیا ہے کہ یہ کارروائیاں حماس کی جانب سے جنگ بندی کی خلاف ورزیوں کے جواب میں کی گئی ہیں۔
اسرائیل اور حماس دونوں ایک دوسرے پر 10 اکتوبر سے نافذ جنگ بندی کے بعد سے تقریباً روزانہ خلاف ورزیوں کا الزام عائد کر رہے ہیں۔ غزہ کی وزارتِ صحت کے مطابق جنگ بندی کے نفاذ کے بعد اب تک کم از کم 600 افراد شہید ہو چکے ہیں۔
مقامی حکام کے مطابق اس ماہ کے آغاز میں غزہ بھر میں اسرائیلی فضائی حملوں کی ایک لہر میں کم از کم 32 افراد مارے گئے تھے۔ تازہ حملے ایسے وقت میں ہوئے ہیں جب امریکا کی ثالثی میں طے پانے والے جنگ بندی معاہدے کے دوسرے مرحلے کے نفاذ کی تیاریاں جاری ہیں۔





