اپریل 19, 2026

وزیراعظم شہباز شریف کا آسٹریا کا دو روزہ دورہ، ویانا میں پرتپاک استقبال

وزیراعظم شہباز شریف آسٹریا کے چانسلر کرسچین اسٹوکر کی دعوت پر دو روزہ دورے کے لیے ویانا پہنچ گئے۔ وزیراعظم کے ہمراہ وفد میں نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار اور وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ بھی شامل ہیں۔

ویانا پہنچنے پر وزیر اعظم اور پاکستانی وفد کا پرتپاک استقبال کیا گیا اور آسٹرین مسلح افواج کے دستے نے سلامی پیش کی۔

دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق دورے کے دوران پاکستان اور آسٹریا کے درمیان دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں پر مذاکرات ہوں گے۔ وزیراعظم شہباز شریف پاکستان آسٹریا بزنس فورم کے اجلاس کی صدارت بھی کریں گے اور ویانا میں کثیرالجہتی تنظیموں کے دفاتر کا دورہ کریں گے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے مزید کہا کہ پاکستان اور آسٹریا کے تعلقات باہمی تعاون، مکالمے اور عالمی قوانین کے احترام پر مبنی ہیں، اور دونوں ممالک مختلف شعبوں میں تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے لیے اقدامات کریں گے۔