تحریر: بشارت بی ایس
15 فروری کو روایتی حریف پاکستان اور بھارت کی کرکٹ ٹیمیں ایک بار پھر مدِ مقابل ہوں گی۔ پاکستانی وقت کے مطابق میچ شام 6 بج کر 30 منٹ پر شروع ہوگا اور شائقینِ کرکٹ کی نظریں اس بڑے مقابلے پر جمی ہوں گی۔
سری لنکن محکمہ موسمیات کے مطابق آج 50 سے 60 فیصد بارش کے امکانات ظاہر کیے گئے ہیں، جس کے باعث میچ کے متاثر ہونے کا خدشہ موجود ہے۔ اگر بارش کی وجہ سے اوورز میں کمی یا ڈک ورتھ لوئس سسٹم کا اطلاق ہوتا ہے تو اوورکاسٹ کنڈیشنز اہم ثابت ہو سکتی ہیں۔
موجودہ فارم اور کمبی نیشن کو دیکھتے ہوئے ایسا محسوس ہوتا ہے کہ اوورکاسٹ حالات بھارت کے لیے نسبتاً سازگار ثابت ہو سکتے ہیں، کیونکہ مختصر اوورز کے کھیل میں پاور ہٹنگ کلیدی کردار ادا کرتی ہے اور اس شعبے میں بھارتی بیٹنگ لائن مضبوط دکھائی دیتی ہے۔ پاکستان کی ٹیم اس وقت زیادہ تر روایتی بیٹنگ اور پارٹنرشپس پر انحصار کر رہی ہے۔
اہم نکتہ یہ بھی ہے کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی جانب سے اس میچ کے لیے فلیٹ اور بیٹنگ سپورٹ پچ تیار کی گئی ہے، جس سے بڑے اسکور کی توقع کی جا رہی ہے۔ ایسی پچ پر اسپنرز کو خاطر خواہ مدد ملنے کا امکان کم ہوتا ہے، جبکہ پاکستان کی حالیہ حکمت عملی اسپن اٹیک کے گرد گھومتی رہی ہے۔ پچ کنڈیشنز کو مدنظر رکھتے ہوئے ممکن ہے ٹیم مینجمنٹ اضافی پیسر، مثلاً نسیم شاہ، کو شامل کرنے پر غور کرے۔
ٹاس اس میچ میں فیصلہ کن کردار ادا کر سکتا ہے۔ اگر پاکستان ٹاس جیتتا ہے تو پہلے بیٹنگ کی صورت میں کم از کم 220 کے قریب ہدف دینا ضروری ہوگا تاکہ دباؤ برقرار رکھا جا سکے۔ بصورتِ دیگر پہلے فیلڈنگ کرتے ہوئے بھارت کو 180 سے کم اسکور تک محدود کرنا کامیابی کی کنجی ہو سکتی ہے۔ اعداد و شمار بھی یہی بتاتے ہیں کہ پاکستانی ٹیم ہدف کے تعاقب میں نسبتاً بہتر کارکردگی دکھاتی ہے، اس لیے سوچ سمجھ کر حکمت عملی اپنانا ہوگی۔
بہرکیف، پاک بھارت مقابلہ محض ایک میچ نہیں بلکہ اعصاب کا امتحان ہوتا ہے۔ جو ٹیم حالات، موسم اور دباؤ کو بہتر انداز میں سنبھال لے گی، فتح اسی کا مقدر بنے گی۔





