وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کا کہنا ہے کہ راجن پور اور کچے کا علاقہ ڈاکوؤں سے 100 فیصد کلیئر کرا لیا گیا ہے اور ان علاقوں میں حکومت کی رٹ مکمل طور پر بحال ہو چکی ہے۔
کچے میں آپریشن سے متعلق اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کچے کے علاقوں میں ڈاکوؤں نے ریاست کے اندر ریاست بنا رکھی تھی اور خوف و ہراس کا ماحول قائم تھا، لوگوں کو ہنی ٹریپ کے ذریعے اغوا کیا جاتا تھا۔ انہیں بتایا گیا تھا کہ کچے میں آپریشن انتہائی مشکل ہے، تاہم حکومت نے رحیم یار خان اور راجن پور کے کچے کے علاقوں میں فیصلہ کن کارروائی کی۔
وزیر اعلیٰ کے مطابق آپریشن کے دوران جدید ترین ٹیکنالوجی، سرویلنس اور ہیومن انٹیلی جنس کا استعمال کیا گیا جبکہ ڈاکوؤں کی نقل و حرکت پر نظر رکھنے کے لیے ڈرون کیمروں سے بھی مدد لی گئی۔ انہوں نے بتایا کہ پاک فوج نے پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی بھرپور معاونت کی جبکہ سندھ پولیس اور حکومت سندھ نے بھی تعاون کیا۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ اس آپریشن میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا اور 500 سے زائد ڈاکوؤں نے سرنڈر کیا۔ ان کے بقول خوف کا علاقہ اب قانون کی عملداری کا علاقہ بن چکا ہے اور ریاست کی رٹ کو چیلنج کرنے والوں کے لیے کوئی رعایت نہیں ہوگی۔





