نومبر 2, 2026

کوہاٹ میں دہشتگردی کا بڑا منصوبہ ناکام، ڈیڑھ ہزار کلو بارودی مواد ناکارہ بنا دیا گیا

کوہاٹ میں قانون نافذ کرنے والے اداروں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے دہشتگردی کا بڑا منصوبہ ناکام بنا کر شہر کو ممکنہ تباہی سے بچا لیا۔
ڈی پی او کوہاٹ شہباز الہٰی کے مطابق دہشتگرد بارودی مواد سے بھری گاڑی کے ذریعے بڑے پیمانے پر تخریب کاری کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔ مشتبہ گاڑی میں 75 کلوگرام وزنی 20 ڈرم لدے ہوئے تھے جن میں بھاری مقدار میں دھماکہ خیز مواد موجود تھا۔
انہوں نے بتایا کہ مجموعی طور پر تقریباً 1500 کلوگرام بارودی مواد کو بم ڈسپوزل اسکواڈ نے کامیاب کارروائی کے دوران ناکارہ بنا دیا، جس سے ایک بڑے سانحے کا خدشہ ٹل گیا۔
ڈی پی او کے مطابق چکرکوٹ کے علاقے میں مشتبہ گاڑی کو روکنے کی کوشش کی گئی تو ڈرائیور نے فرار ہونے کی کوشش میں گاڑی تیز رفتاری سے بھگا دی جو بعد ازاں درخت سے ٹکرا گئی۔ پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر مزید تفتیش شروع کر دی ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ بروقت کارروائی سے قیمتی جانیں بچ گئیں اور شہر کو بڑی تباہی سے محفوظ رکھا گیا