اسلام آباد کی انسدادِ دہشتگردی عدالت نے 26 نومبر احتجاج کیس میں عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان کے ناقابلِ ضمانت وارنٹِ گرفتاری جاری کر دیے۔ سماعت کے دوران عدالت نے علیمہ خان کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست مسترد کرتے ہوئے انہیں گرفتار کر کے کل تک عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا۔
عدالت نے مزید ہدایت کی کہ ملزمہ کی پیشی تک ان کے بینک اکاؤنٹس اور شناختی کارڈ بلاک رہیں گے۔
سماعت کے دوران اسپیشل پراسیکیوٹر ظہیر شاہ نے مؤقف اختیار کیا کہ علیمہ خان عدالت کو ڈکٹیٹ نہیں کر سکتیں اور شروع دن سے ان کا رویہ غیر ذمہ دارانہ رہا ہے۔ عدالت نے سرکاری مؤقف سے اتفاق کرتے ہوئے سخت کارروائی کا حکم جاری کیا۔





