نیشنل ہائی وے اتھارٹی (این ایچ اے) نے تجارتی سرگرمیوں کو ریگولیٹ کرنے اور ریونیو بڑھانے کے لیے مرکزی شاہراؤں کے رائیٹ آف وے کو آؤٹ سورس کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ این ایچ اے کے حالیہ فیصلے کے تحت قومی شاہراہوں (N-5 سے N-80 تک) پر قائم ہوٹلز، پیٹرول پمپس اور دیگر تجارتی مراکز سے این او سی فیس اور سالانہ کرایوں کی وصولی اب نجی شعبے کے سپرد کی جائے گی۔
این ایچ اے کے ترجمان کے مطابق، اس عمل میں شفافیت کو یقینی بنانے کے لیے پیپرارولز کی مکمل پابندی کی جائے گی تاکہ ہر کاروبار کا حساب کتاب واضح رہے۔ منصوبے میں کراچی، لاہور، پشاور، کوئٹہ، ملتان، راولپنڈی اور فیصل آباد سمیت ملک کے تمام بڑے شہروں کے ملحقہ علاقے شامل ہیں۔
ترجمان نے مزید بتایا کہ 300 ملین روپے سالانہ نیٹ مالیت رکھنے والی فرموں کے لیے یہ سرمایہ کاری کا سنہری موقع ہے، جس سے نہ صرف نجی شعبے کی شراکت بڑھے گی بلکہ این ایچ اے کی آمدنی میں بھی خاطر خواہ اضافہ ہوگا۔





