پاکستان کو ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں بھارت کے خلاف میچ بائیکاٹ کرنے پر 2 پوائنٹس سے ہاتھ دھونا پڑے گا اور یہ پوائنٹس بھارتی ٹیم کو منتقل ہو جائیں گے۔
ذرائع کے مطابق، اگر بھارت کو پاکستان کے بائیکاٹ کی صورت میں پوائنٹس حاصل کرنے ہیں تو بھارتی ٹیم کو آئی سی سی کے پروٹوکول کے مطابق جہاں میچ شیڈول تھا وہاں وقت پر موجود ہونا ہوگا، تمام تیاری مکمل کرنی ہوگی اور میدان میں پاکستان ٹیم کا انتظار کرنا ہوگا۔
بھارتی کرکٹ بورڈ کے ذرائع نے بتایا کہ بھارتی ٹیم آئی سی سی پروٹوکول کے مطابق 15 فروری کو سری لنکا میں شیڈول کے مطابق پریکٹس کرے گی، پریس کانفرنس کرے گی اور اسٹیڈیم وقت پر پہنچے گی۔ بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق، آئی سی سی قوانین کے تحت میچ والے دن پاکستان کے میدان میں نہ ہونے کی صورت میں بھارت ٹیم میچ ریفری کے آفیشل فیصلے کا انتظار کرے گی۔
اس کے بعد ہی بھارتی ٹیم کو 2 پوائنٹس مل سکیں گے۔
واضح رہے کہ آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 7 فروری سے شروع ہو رہا ہے۔ پاکستان کے گروپ میں بھارت کے علاوہ نمیبیا، نیدرلینڈز اور امریکا بھی شامل ہیں۔





