وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ کراچی کو وفاق کے حوالے کرنے سے متعلق باتوں کا آئین میں کوئی ذکر موجود نہیں۔ سانگھڑ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے سوال اٹھایا کہ کہاں لکھا ہے اور کس آئین میں درج ہے کہ کراچی کو وفاق کے حوالے کیا جائے گا۔
مراد علی شاہ نے گل پلازہ کے واقعے پر بات کرتے ہوئے کہا کہ اس سانحے پر سیاست کی جا رہی ہے، جبکہ تحقیقاتی رپورٹ میں بھی کچھ خامیاں موجود ہیں۔ ان کے مطابق واقعے کی اصل وجوہات سامنے لانے کے لیے مزید تحقیقات کی ضرورت ہے تاکہ ذمہ داروں کا تعین کیا جا سکے۔
وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ صوبائی کابینہ نے فیصلہ کیا ہے کہ گل پلازہ میں جتنی دکانیں پہلے موجود تھیں، اتنی ہی دوبارہ تعمیر کی جائیں گی۔ حکومت کا ہدف دو سال کے اندر گل پلازہ کی مکمل تعمیر نو ہے تاکہ متاثرہ تاجروں اور خاندانوں کو ریلیف فراہم کیا جا سکے۔
انہوں نے مزید کہا کہ گل پلازہ کا واقعہ انتہائی افسوسناک تھا جس میں 80 قیمتی جانیں ضائع ہوئیں۔ مراد علی شاہ کے مطابق واقعے کی شفاف تحقیقات کے لیے چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ کو باقاعدہ طور پر لکھا جا چکا ہے۔



