ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے خبردار کیا ہے کہ اگر امریکا نے ایران پر حملہ کیا تو اس کے نتائج پورے خطے میں جنگ کی صورت میں سامنے آئیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایرانی قوم کسی بھی جارحیت کا بھرپور اور سخت جواب دینے کی صلاحیت رکھتی ہے۔
یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب واشنگٹن اور تہران کے درمیان کشیدگی میں واضح اضافہ ہو چکا ہے اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے ایران کے خلاف مسلسل دھمکی آمیز بیانات دیے جا رہے ہیں۔
ایرانی سرکاری میڈیا کے مطابق آیت اللہ خامنہ ای نے کہا کہ امریکی صدر بار بار جنگی جہازوں کی روانگی کا ذکر کرتے ہیں، تاہم ایرانی قوم ایسی دھمکیوں سے خوفزدہ ہونے والی نہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ ایران نہ کسی ملک پر حملے کا آغاز کرتا ہے اور نہ ہی جنگ چاہتا ہے، لیکن اگر ایرانی قوم کو نشانہ بنایا گیا یا ہراساں کیا گیا تو اس کا جواب فیصلہ کن ہوگا۔
سپریم لیڈر کا کہنا تھا کہ ایرانی عوام دباؤ اور دھمکیوں کے سامنے کبھی نہیں جھکیں گے اور اپنی خودمختاری اور قومی وقار کا ہر صورت دفاع کریں گے۔



