ایرانی پارلیمنٹ نے یورپی یونین کے ممالک کی افواج کو دہشت گرد گروہ قرار دینے کی منظوری دے دی ہے۔ غیر ملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق یہ اقدام یورپی یونین کی جانب سے ایرانی پاسدارانِ انقلاب کو دہشت گرد تنظیم قرار دینے کے فیصلے کے ردعمل میں کیا گیا ہے۔
پارلیمنٹ کے اجلاس کے دوران ارکان نے پاسدارانِ انقلاب سے اظہارِ یکجہتی کے طور پر سبز وردیاں پہن رکھی تھیں۔ ایران کے سرکاری ٹیلی وژن پر نشر ہونے والی فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ اجلاس کے دوران ’’امریکا مردہ باد‘‘، ’’اسرائیل مردہ باد‘‘ اور ’’یورپ شرم کرو‘‘ کے نعرے لگائے گئے۔
اسپیکر ایرانی پارلیمنٹ محمد باقر قالیباف نے یورپی یونین کے فیصلے کو غیر ذمہ دارانہ اقدام قرار دیتے ہوئے کہا کہ قانون کے آرٹیکل 7 کے تحت پاسدارانِ انقلاب کو دہشت گرد تنظیم قرار دینے کے جواب میں یورپی ممالک کی افواج کو دہشت گرد گروہ تصور کیا جائے گا۔
خبررساں ایجنسی کے مطابق تاحال یہ واضح نہیں ہو سکا کہ اس فیصلے کے فوری اثرات کیا ہوں گے۔ واضح رہے کہ یہی قانون پہلی بار 2019 میں اس وقت منظور کیا گیا تھا جب امریکا نے پاسدارانِ انقلاب کو دہشت گرد تنظیم قرار دیا تھا۔
محمد باقر قالیباف نے مزید بتایا کہ پارلیمنٹ کی قومی سلامتی کمیٹی یورپی ممالک کے فوجی اتاشیوں کو ملک بدر کرنے کے معاملے پر غور کرے گی اور اس حوالے سے وزارتِ خارجہ سے رابطہ کیا جائے گا۔
یہ اجلاس ایران میں اسلامی انقلاب کے بانی آیت اللہ خمینی کی جلاوطنی کے بعد وطن واپسی کی 47ویں سالگرہ کے موقع پر منعقد کیا گیا۔




