جہلم ( محمد زاہد خورشید) ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم طارق عزیز سندھو نے پولیس لائنز جہلم کا دورہ کیا جہاں انہوں نے سیکیورٹی انتظامات، صفائی ستھرائی اور دیگر انتظامی امور کا تفصیلی جائزہ لیا۔ ڈی پی او جہلم نے پولیس لائنز میں قائم مختلف دفاتر، ایم ٹی برانچ، کوارٹر گارڈ، پولیس اسکول اور لائنز ایریا کا معائنہ کیا۔
دورے کے دوران ڈی پی او جہلم نے ایم ٹی برانچ کا خصوصی طور پر جائزہ لیتے ہوئے وہاں موجود سرکاری گاڑیوں کی مجموعی حالت، ریکارڈ اور دیکھ بھال کے انتظامات کو چیک کیا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ سرکاری وسائل کا درست اور شفاف استعمال ہر صورت یقینی بنایا جائے۔
ڈی پی او جہلم نے پولیس لائنز میں ڈرائیونگ ٹیسٹ کے حصول کے لیے آنے والے امیدواروں کو فراہم کی جانے والی سہولیات، ٹیسٹ کے طریقہ کار اور شفافیت کا بھی جائزہ لیا اور متعلقہ افسران کو عوام کو مزید بہتر سہولیات فراہم کرنے کی ہدایات جاری کیں۔
اس موقع پر ڈی پی او جہلم طارق عزیز سندھو کا کہنا تھا کہ عوام کو فراہم کی جانے والی سہولیات میں بہتری اور سرکاری وسائل کا درست استعمال پولیس کی ترجیحات میں شامل ہے۔




