گوہاٹی میں کھیلے گئے تیسرے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں بھارت نے نیوزی لینڈ کو 8 وکٹ سے شکست دے کر پانچ میچز کی سیریز میں 0-3 کی برتری حاصل کر لی۔
نیوزی لینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 153 رنز بنائے، جس میں گلین فلپس 48 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ بھارتی بولنگ اٹیک نے ابتداء ہی سے دباؤ قائم رکھا، جس میں جسپریت بمراہ نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 17 رنز کے عوض 3 وکٹیں حاصل کیں۔
جواب میں بھارت نے 154 رنز کا ہدف محض 10 اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ بھارتی بیٹرز نے جارحانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور نیوزی لینڈ کے بولرز کو سنبھلنے کا موقع نہ دیا۔
ابھیشیک شرما نے برق رفتار 14 گیندوں پر ففٹی مکمل کی اور صرف 20 گیندوں پر 68 رنز بناکر ناقابل شکست رہے۔ علاوہ ازیں کپتان سوریا کمار یادیو 26 گیندوں پر 57 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔ ابھیشیک شرما کی 14 گیندوں پر ففٹی بھارت کی جانب سے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں دوسری تیز ترین ففٹی ہے۔




