اکتوبر 30, 2026

سانحہ گل پلازہ: جاں بحق افراد کی تعداد 67 ہوگئی، 77 افراد تاحال لاپتہ

کراچی: سانحہ گل پلازہ میں جاں بحق افراد کی تعداد 67 تک پہنچ گئی ہے، تاہم اب تک صرف 17 افراد کی لاشوں کی شناخت ہو سکی ہے جبکہ 77 افراد تاحال لاپتہ ہیں۔
آتش زدہ گل پلازہ کے باہر کئی روز سے موجود لواحقین نے احتجاج کرتے ہوئے ریسکیو اور تحقیقاتی عمل پر شدید عدم اطمینان کا اظہار کیا ہے۔ متاثرین کا کہنا ہے کہ سانحہ کو چھ روز گزر چکے ہیں لیکن تاحال لاپتہ افراد کو تلاش نہیں کیا جا سکا۔
حکام کے مطابق عمارت کے مخدوش ہونے اور گرنے کے خدشے کے باعث مشینری کے ذریعے ملبہ ہٹانے کا کام عارضی طور پر روک دیا گیا ہے۔ عمارت کے منہدم حصوں میں لاپتہ افراد کی تلاش ایک بڑا چیلنج بنی ہوئی ہے، تاہم ریسکیو اہلکار ملبے تلے دبے افراد کو تلاش کرنے کی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہیں۔
یاد رہے کہ گل پلازہ میں آگ ہفتے کی شب لگی تھی، جس نے دیکھتے ہی دیکھتے پورے پلازہ کو اپنی لپیٹ میں لے لیا اور عمارت مکمل طور پر جل کر راکھ کا ڈھیر بن گئی۔
دوسری جانب سانحہ گل پلازہ سے متعلق تحقیقاتی حکام نے عینی شاہدین اور متاثرین کے بیانات کی روشنی میں ابتدائی رپورٹ تیار کر لی ہے۔ تحقیقاتی ذرائع کے مطابق آگ شارٹ سرکٹ کے باعث نہیں لگی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ گل پلازہ میں آگ مصنوعی پھولوں کی ایک دکان میں بچوں کے کھیلنے کے دوران لگی۔ ممکنہ طور پر بچے دکان میں ماچس یا لائٹر سے کھیل رہے تھے، جس سے آگ بھڑکی۔ ابتدائی طور پر آگ دکان میں موجود سامان میں لگی اور بعد ازاں بجلی کی تاروں کے ذریعے پورے پلازہ میں پھیل گئی۔