سعودی عرب (ادریس احمد سے ) پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن (پی آئی اے) کے ریاض ریجن میں قیادت کا اہم مرحلہ مکمل ہو گیا ہے۔ ملک بلال احمد نے تین سال کی مدت مکمل کرنے کے بعد ہیڈ آفس رپورٹ کر دیا ہے، جبکہ شکیل احمد نے بطور مینجر ریاض ریجن اپنی ذمہ داریاں سنبھال لیں ہیں ، سابق ریجن مینجر ریاض ملک بلال احمد نے 2009 میں پی آئی اے جوائن کیا اور اسلام آباد، کراچی، فیصل آباد سمیت مختلف اہم اسٹیشنز پر خدمات انجام دیں۔ سعودی عرب میں وہ تین سال تک ریاض ریجن کے مینجر اور کنٹری مینجر کے طور پر تعینات رہے، جن کے دور میں آپریشنل نظم و ضبط اور مسافروں کی سہولت میں بہتری دیکھی گئی۔ فیصل آباد سے تعلق رکھنے والے ملک بلال احمد نے پنجاب یونیورسٹی فیصل آباد سے گریجویشن، پنجاب یونیورسٹی لاہور سے ماسٹرز اور IOBM کراچی سے ایم فل کی ڈگری حاصل کی ہے،نئی ذمہ داریاں سنبھالنے والے شکیل احمد نے بھی 2009 میں پی آئی اے میں شمولیت اختیار کی اور کراچی، راولپنڈی اور اسلام آباد جیسے اہم اسٹیشنز پر خدمات انجام دیں۔ وہ سرگودھا کے رہائشی ہیں اور کامسیٹس یونیورسٹی اسلام آباد سے ایم بی اے کر چکے ہیں۔ ان کے تجربے کی بنیاد پر ریاض ریجن میں پی آئی اے کے آپریشنز کو بہتر اور مسافروں کے لیے سہولیات کو مزید مؤثر بنانے کی توقع کی جا رہی ہے،پی آئی اے ریاض ریجن سعودی عرب میں قومی ائیرلائن کا ایک کلیدی مرکز ہے، جہاں بڑی تعداد میں پاکستانی مسافر سفر کرتے ہیں۔ ایسے میں انتظامی قیادت کی تبدیلی کو نہ صرف معمول کا عمل بلکہ ادارے کی کارکردگی کو بہتر بنانے کی ایک کوشش کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔ اوورسیز کمیونٹی کی جانب سے توقع ظاہر کی گئی ہے کہ شکیل احمد اپنے تجربے اور صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے ریاض ریجن میں پی آئی اے کی خدمات، مسافر اعتماد اور ادارہ جاتی نظم کو مزید مضبوط کریں گے، جبکہ ملک بلال احمد ہیڈ آفس میں نئی ذمہ داریوں کے ساتھ ادارے کے لیے اپنی خدمات کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔





