اکتوبر 29, 2026

پی ایس ایل 11: لوکل کھلاڑیوں کی ممکنہ نئی کیٹیگریز سامنے آ گئیں

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 11 کی پلیئرز آکشن سے قبل لوکل کھلاڑیوں کی ممکنہ نئی کیٹیگریز کی فہرست سامنے آ گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق مختلف فرنچائزز کے اہم کھلاڑیوں کی کیٹیگریز میں تبدیلیاں متوقع ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اسلام آباد یونائیٹڈ کے شاداب خان، عماد وسیم اور نسیم شاہ بدستور پلاٹینم کیٹیگری میں برقرار ہیں، جبکہ صاحبزادہ فرحان کو گولڈ کیٹیگری میں رکھا گیا ہے۔ سلمان علی آغا اور محمد نواز ڈائمنڈ سے ترقی پا کر پلاٹینم کیٹیگری میں شامل ہو گئے ہیں، جبکہ وکٹ کیپر بیٹر اعظم خان ڈائمنڈ سے گولڈ میں آ گئے ہیں۔
کراچی کنگز کے حسن علی ڈائمنڈ سے پلاٹینم میں شامل ہو گئے ہیں، جبکہ عباس آفریدی پلاٹینم سے ڈائمنڈ میں چلے گئے ہیں۔ خوشدل شاہ اور عامر جمال کو ڈائمنڈ سے گولڈ جبکہ عرفات منہاس کو گولڈ سے سلور کیٹیگری میں منتقل کیا گیا ہے، تاہم شان مسعود ڈائمنڈ کیٹیگری میں برقرار ہیں۔
ذرائع کے مطابق لاہور قلندرز کے شاہین شاہ آفریدی، فخر زمان اور حارث رؤف پلاٹینم کیٹیگری میں برقرار رکھے گئے ہیں، جبکہ سلمان مرزا گولڈ سے ڈائمنڈ اور محمد نعیم ایمرجنگ سے سلور کیٹیگری میں آ گئے ہیں۔
پشاور زلمی کے بابر اعظم اور صائم ایوب پلاٹینم کیٹیگری میں برقرار ہیں، جبکہ محمد حارث اور محمد علی ڈائمنڈ سے گولڈ میں چلے گئے ہیں۔
ملتان سلطانز کے محمد رضوان پلاٹینم میں برقرار ہیں، جبکہ اسامہ میر اور افتخار احمد پلاٹینم سے ڈائمنڈ کیٹیگری میں شامل ہو گئے ہیں۔ محمد حسنین ڈائمنڈ سے گولڈ جبکہ عاکف جاوید سلور سے گولڈ میں آ گئے ہیں۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے فہیم اشرف اور محمد عامر پلاٹینم میں برقرار ہیں، جبکہ ابرار احمد کو ڈائمنڈ سے پلاٹینم میں شامل کیا گیا ہے۔ وسیم جونیئر گولڈ سے ڈائمنڈ، عثمان طارق سلور سے ڈائمنڈ جبکہ خواجہ نافع سلور اور حسن نواز ایمرجنگ سے گولڈ کیٹیگری میں آ گئے ہیں۔