اکتوبر 29, 2026

پاکستانی شوٹر کا تاریخی کارنامہ، ایشین شاٹ گن میں گولڈ میڈل اور نیا ورلڈ ریکارڈ قائم کردیا

دوحہ میں جاری ایشین شاٹ گن چیمپئن شپ کے ٹریپ ایونٹ میں پاکستان کے کرنل فرخ ندیم نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے گولڈ میڈل جیت لیا اور نیا عالمی ریکارڈ قائم کر دیا۔ یہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار ہے کہ ایشین سطح پر شاٹ گن کے مقابلوں میں سونے کا تمغہ حاصل کیا گیا ہے۔
پاکستانی شوٹر کرنل فرخ ندیم نے انفرادی ٹریپ مقابلوں میں غیر معمولی مہارت کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے کوالیفائنگ راؤنڈ میں 125 میں سے 119 اسکور کیے جبکہ فائنل میں 30 میں سے 27 اسکور حاصل کر کے گولڈ میڈل اپنے نام کیا۔
پاکستان شوٹنگ فیڈریشن کے مطابق ایشین شاٹ گن چیمپئن شپ نئے فارمیٹ کے تحت منعقد کی جا رہی ہے، اسی لیے کرنل فرخ ندیم کا یہ اسکور نیا ورلڈ ریکارڈ تسلیم کیا جائے گا۔ اس تاریخی کامیابی پر کھیلوں کے حلقوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے اور اسے پاکستان شوٹنگ کے لیے ایک سنگِ میل قرار دیا جا رہا ہے۔