اکتوبر 29, 2026

قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کے کاغذات کی جانچ مکمل، محمود خان اچکزئی واحد امیدوار

قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کی تعیناتی کے لیے اسپیکر آفس کی جانب سے کاغذاتِ نامزدگی کی جانچ پڑتال مکمل ہو گئی ہے۔ قومی اسمبلی سیکرٹریٹ نے جانچ کے بعد سمری تیار کرکے اسپیکر آفس کو ارسال کر دی۔

اسپیکر قومی اسمبلی نے گزشتہ روز امیدوار کے کاغذات کی اسکروٹنی کی تھی اور محمود خان اچکزئی واحد امیدوار ہیں۔ وزیر اعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثناء اللہ کے مطابق، محمود خان اچکزئی کا بطور اپوزیشن لیڈر نوٹیفکیشن جمعے کو جاری ہو جائے گا۔

رانا ثناء اللہ نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری کو سندھ کا مقدمہ ایوانِ صدر میں پیش نہیں کرنا چاہیے تھا۔ تحریکِ انصاف کے قومی اسمبلی میں چیف وہپ ملک عامر ڈوگر نے کہا کہ محمود خان اچکزئی کا نوٹیفکیشن نیک شگون ہے، تاہم قائمہ کمیٹیوں میں واپسی سمیت آگے کے مراحل طے کرنے کے لیے بانی تحریکِ انصاف سے ملاقات ضروری ہے۔

رانا ثناء اللہ نے اس پر واضح کیا کہ اگر 8 فروری کے بعد 8 مئی کے احتجاج کی کال نہ آئی تو بانی تحریکِ انصاف سے ملاقات والا مسئلہ حل ہو جائے گا۔