پاکستان اور امریکا کی مشترکہ فوجی مشق ’’انسپائرڈ گمبٹ 2026‘‘ میں دونوں ممالک کی افواج کے شرکاء نے اعلیٰ سطح کی پیشہ ورانہ مہارت کا عملی مظاہرہ کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق 8 جنوری سے شروع ہونے والی یہ مشترکہ مشق 16 جنوری تک جاری رہے گی۔ مشق کے سلسلے میں جمعرات کے روز نیشنل کاؤنٹر ٹیررازم سینٹر پبی میں معزز مہمانوں کے لیے ایک خصوصی تقریب منعقد کی گئی۔
تقریب میں امریکا کی ناظم الامور نیٹلی اے بیکر سمیت سینئر امریکی فوجی حکام نے شرکت کی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق مہمانوں کو مشق کی اہمیت، مقاصد اور اس کے انعقاد کے مختلف پہلوؤں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
مشق کے دوران دونوں ممالک کی افواج کے شرکاء نے پیشہ ورانہ مہارت، باہمی تعاون اور عملی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا، جس پر معزز مہمانوں نے ان کی کارکردگی کو سراہا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق اس مشترکہ مشق کا مقصد دہشت گردی کے خلاف تجربات کے تبادلے کے ذریعے دو طرفہ فوجی تعاون کو فروغ دینا، انسدادِ دہشت گردی کی مشقوں اور طریقہ کار کو مزید مؤثر بنانا اور باہمی ہم آہنگی کی صلاحیت کو مضبوط کرنا ہے۔



