راہنما پاکستان پیپلز پارٹی ضلع گجرات عثمان غنی بھیا نے کہا ہے کہ اس حقیقت میں کوئی شک و شبہ نہیں کہ ڈنگہ شہر کو خدمت مرکز کا قیمتی تحفہ رکنِ صوبائی اسمبلی چوہدری اعجاز رنیاں کی کوششوں سے ملا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس منصوبے کی افادیت اپنی جگہ مسلمہ ہے، چاہے کوئی اسے تسلیم کرے یا نہ کرے، اصل فائدہ بہرحال اہلِ علاقہ ہی نے حاصل کرنا ہے۔
عثمان غنی بھیا کا کہنا تھا کہ خدمت مرکز ڈنگہ ایک بہترین اور عوام دوست منصوبہ ہے جو شہریوں کو بنیادی سرکاری سہولیات ایک ہی چھت تلے فراہم کرے گا، جس سے نہ صرف وقت کی بچت ہوگی بلکہ عوام کو دفاتر کے چکر نہیں لگانے پڑیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے منصوبے حقیقی معنوں میں عوامی خدمت کی عملی مثال ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ عوامی فلاح کے منصوبوں پر سیاست سے بالاتر ہو کر سب کو یکجہتی کا مظاہرہ کرنا چاہیے کیونکہ ترقیاتی اقدامات کسی فرد یا جماعت کے نہیں بلکہ پورے علاقے اور عوام کے مفاد میں ہوتے ہیں۔




