جولائی 30, 2026

پنجاب حکومت کا سرکاری محکموں میں پیٹرول اور ڈیزل گاڑیوں کی خریداری پر پابندی کا فیصلہ

پنجاب حکومت نے صوبے میں ماحول دوست ٹرانسپورٹ کے فروغ کے لیے اہم اقدام کرتے ہوئے سرکاری محکموں میں پیٹرول اور ڈیزل سے چلنے والی گاڑیوں کی خریداری پر پابندی لگانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔چیف سیکرٹری پنجاب کے مطابق آئندہ سرکاری محکمے صرف الیکٹرک یا ہائبرڈ گاڑیاں خرید سکیں گے، تاہم فیلڈ ڈیوٹی میں استعمال ہونے والی گاڑیوں کو اس فیصلے سے استثنیٰ حاصل ہوگا۔چیف سیکرٹری نے مزید بتایا کہ صوبے میں نئے پیٹرول پمپس کے لیے این او سی کا اجرا اب الیکٹرک چارجنگ یونٹ کی تنصیب سے مشروط ہوگا، جبکہ الیکٹرک چارجنگ سہولت کے بغیر کسی نئے پیٹرول پمپ کو کام کی اجازت نہیں دی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ ماحولیاتی تحفظ کے لیے گرین انرجی کا فروغ حکومت کی ترجیح ہے اور اس مقصد کے تحت صوبے میں نئی الیکٹرک وہیکل پالیسی جلد متعارف کروائی جائے گی۔چیف سیکرٹری کے مطابق این او سی حاصل کرنے والے 170 نئے پیٹرول پمپس پر الیکٹرک چارجنگ یونٹس کی تنصیب لازمی قرار دی گئی ہے، جبکہ پنجاب کے 31 شہروں میں ان پمپس کے لیے ای بز پورٹل کے ذریعے این او سیز جاری کی جا چکی ہیں۔