صوبہ خیبرپختونخوا کے ضلع خیبر کی وادی تیراہ کے علاقے میدان ملک دین خیل سے نقل مکانی کرنے والے متاثرین کے لیے رجسٹریشن کا عمل گزشتہ تین روز سے جاری ہے، جب کہ جاری شیڈول کے مطابق 10 جنوری سے باقاعدہ طور پر نقل مکانی کا آغاز کر دیا جائے گا۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق وادی تیراہ کے علاقے پائیندی چینہ میں متاثرین کے لیے خصوصی رجسٹریشن سینٹر قائم کیا گیا ہے جہاں اب تک 2500 سے زائد خاندانوں کی رجسٹریشن مکمل کی جا چکی ہے۔ ان میں سے 176 خاندانوں کو نادرا اور دیگر متعلقہ محکموں سے کلیئرنس کے بعد ابتدائی طور پر ڈھائی لاکھ روپے فی خاندان مالی امداد فراہم کی جا چکی ہے، جبکہ دیگر رجسٹرڈ خاندانوں کو بھی مرحلہ وار ایڈوانس مالی امداد دی جا رہی ہے۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ نقل مکانی کا عمل 10 جنوری سے شروع ہو کر 25 جنوری تک جاری رہے گا۔ ہر متاثرہ خاندان کو ڈھائی لاکھ روپے ایڈوانس جبکہ ماہانہ 50 ہزار روپے امدادی رقم دی جائے گی تاکہ وہ اپنی مرضی کی رہائش اختیار کر سکیں۔
حکام کے مطابق علاقے میں دہشت گردوں کے خلاف جاری آپریشن آئندہ دو ماہ میں مکمل کیا جائے گا، جس کے بعد متاثرین کی واپسی اور بحالی کا عمل 5 اپریل سے شروع کیا جائے گا۔ وادی تیراہ کے علاقے میدان کی مجموعی آبادی ایک لاکھ 30 ہزار نفوس پر مشتمل ہے، جب کہ مکمل طور پر تباہ ہونے والے مکان کا معاوضہ 30 لاکھ روپے اور جزوی نقصان پر 10 لاکھ روپے مقرر کیا گیا ہے۔




