اکتوبر 29, 2026

دارالعلوم جلالیہ چیلیانوالہ اسٹیشن میں امتحانی نگران عملہ کی تربیتی و معلوماتی ورکشاپ کا انعقاد

کھاریاں (قاری نصیر احمد کلیار) تنظیم المدارس اہلِ سنت پاکستان کے زیرِ اہتمام دارالعلوم جلالیہ چیلیانوالہ اسٹیشن میں امتحانی نگران عملہ (معلمین و معلمات) کے لیے ایک جامع تربیتی و معلوماتی ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا، جس میں ضلع منڈی بہاؤالدین کے مختلف مدارس سے امتحانی نگرانوں نے بھرپور شرکت کی۔
ورکشاپ کے دوران امتحانات سے متعلق تفصیلی رہنمائی فراہم کی گئی، جس میں امتحانی نگرانی کے طریقۂ کار، امتحان کے دوران نظم و ضبط، ضروری ضوابط، امتحانی ذمہ داریوں، شفافیت اور دیانت داری کے اصولوں پر سیر حاصل گفتگو کی گئی۔ اس موقع پر سوال و جواب کی خصوصی نشست بھی منعقد ہوئی، جس میں شریک نگرانوں نے مختلف سوالات پیش کیے جن کے تسلی بخش اور جامع جوابات دیے گئے۔
شرکاء نے ورکشاپ کو نہایت مفید قرار دیتے ہوئے قلبی اطمینان اور خوشی کا اظہار کیا۔ ورکشاپ کی سرپرستی شیخ الحدیث الحاج مفتی ڈاکٹر پیر سید محمد نوید الحسن شاہ مشہدی، سجادہ نشین آستانہ عالیہ بھکھی شریف نے فرمائی۔
خصوصی تربیتی لیکچر علامہ مولانا مفتی مہتاب حسین جلالی (ناظمِ تعلیمات دارالعلوم جلالیہ چیلیانوالہ اسٹیشن و ضلعی کوآرڈینیٹر ضلع منڈی بہاؤالدین) نے دیا، جبکہ علامہ مولانا مفتی محمد افضل جلالی اور مفتی اہلِ سنت مفتی عزیز اللہ جلالی نے بھی اظہارِ خیال کیا۔