جون 3, 2026

سوھاوہ میں ڈی ایس پی ٹریفک کا کھلی کچہری کا انعقاد ، عوام کو ٹریفک مسائل کے حل کی یقین دہانی

جہلم (ڈاکٹر تصور حسین مرزا ) آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کے ویژن اور ایڈیشنل آئی جی ٹریفک پنجاب مرزا فاران بیگ کی ہدایات کے مطابق، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم ناصر محمود باجوہ کی زیر نگرانی، ڈی ایس پی ٹریفک جہلم رضا حسنین اعوان نے سوھاوہ میونسپل کمیٹی کے دفتر میں ایک کھلی کچہری کا انعقاد کیا۔سوہاوہ اس کچہری کا مقصد سوھاوہ کے عوام کو درپیش ٹریفک مسائل کو براہِ راست سننا اور ان کے فوری حل کے لیے اقدامات کرنا تھا۔ اس موقع پر شہریوں کی ایک بڑی تعداد موجود تھی، جنہوں نے ڈی ایس پی سے ٹریفک سے متعلق مختلف مسائل پیش کیے، جن میں ٹریفک کی روانی میں مشکلات، سڑکوں کی حالت اور ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی جیسے مسائل شامل تھے۔ڈی ایس پی ٹریفک رضا حسنین اعوان نے اس موقع پر خصوصی گفتگو کرتے ہوئے والدین کو اہم ہدایات دیں۔ انہوں نے زور دیا کہ چھوٹے بچوں کو موٹر سائیکل چلانے کی اجازت نہ دی جائے، کیونکہ یہ نہ صرف بچوں کی زندگیوں کے لیے خطرہ بن سکتا ہے بلکہ ٹریفک حادثات کی ایک بڑی وجہ بھی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بغیر ڈرائیونگ لائسنس کے گاڑی چلانے سے اجتناب کیا جائے اور ہر شہری کو اپنا ڈرائیونگ لائسنس لازمی بنوانا چاہیے۔اس سلسلے میں، رضا حسنین اعوان نے ایک اہم اقدام کا بھی اعلان کیا کہ سوھاوہ میں ایک نیا ڈرائیونگ اسکول قائم کیا گیا ہے۔ اس اسکول کا مقصد نوجوانوں کو محفوظ اور ذمہ دار ڈرائیونگ کی تربیت دینا ہے تاکہ وہ سڑکوں پر بہتر انداز میں گاڑی چلا سکیں اور ٹریفک کے قوانین کی پاسداری کر سکیں۔ ڈی ایس پی نے والدین سے درخواست کی کہ وہ اپنے بچوں کو اس اسکول میں داخل کروائیں تاکہ وہ باقاعدہ تربیت حاصل کر سکیں۔یہ کھلی کچہری عوام کے لیے ایک مثبت قدم ثابت ہوئی، جہاں نہ صرف شہریوں کے مسائل سنے گئے بلکہ ان کے حل کے لیے عملی اقدامات کی یقین دہانی بھی کرائی گئی۔