نومبر 2, 2026

چاڑانوالہ: چوہدری شفقت عباس گجر اور غلام حسین گجر گروپوں میں دیرینہ دشمنی صلح میں بدل گئی

کھاریاں( قاری نصیر احمد کلیار) چاڑانوالہ میں برسوں سے چلی آ رہی دیرینہ دشمنی خوش اسلوبی سے صلح اور دوستی میں تبدیل ہو گئی۔ یہ کامیاب مصالحت ضلعی صدر و کنوینئر پاکستان مسلم لیگ (ن) منڈی بہاؤالدین، چوہدری مشاہد رضا گجر آف چیلیانوالہ کی خصوصی کوششوں سے ممکن ہوئی، جنہوں نے چوہدری شفقت عباس گجر اور غلام حسین گجر گروپ آف رندھیر کے درمیان اختلافات کو خوشگوار ماحول میں ختم کروا دیا۔

صلح کے عمل میں جن معزز شخصیات نے اہم کردار ادا کیا، ان میں چوہدری مشاہد رضا گجر، چوہدری محمد اسلم، چوہدری جعفر اقبال (سابق ایم این اے)، اقبال احمد کھرل، سیف اللہ مانگٹ، چوہدری احمد یار نورا پنڈی اور چوہدری فرخ ریاض نمبردار شامل تھے۔

صلح کی تقریب میں اہلِ علاقہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور اس اقدام کو علاقے میں امن، اتحاد اور بھائی چارے کے فروغ کے لیے ایک مثبت قدم قرار دیا۔ اہلِ علاقہ نے اس کامیاب صلح میں کردار ادا کرنے والی تمام شخصیات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ آخر میں دونوں خاندانوں کے لیے امن، خوشحالی اور بھائی چارے کی فضا برقرار رہنے کی دعا کی گئی۔