اکتوبر 30, 2026

شان مسعود نے پاکستان کی تیز ترین فرسٹ کلاس ڈبل سنچری کا ریکارڈ توڑ دیا

پاکستان کی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان شان مسعود نے قومی کرکٹ میں نیا ریکارڈ قائم کر دیا ہے۔ شان مسعود نے پاکستان کی تاریخ میں تیز ترین فرسٹ کلاس ڈبل سنچری بنانے کا اعزاز حاصل کیا ہے۔

شان مسعود نے ایس این جی پی ایل کی ٹیم کے لیے کھیلتے ہوئے ساحر ایسوسی ایٹس کے خلاف صرف 177 گیندوں پر ڈبل سنچری مکمل کی۔ اس سے قبل یہ ریکارڈ انضمام الحق کے پاس تھا، جنہوں نے 1992 میں آکسفورڈ اینڈ کیمبرج یونیورسٹی کے خلاف 188 گیندوں پر فرسٹ کلاس ڈبل سنچری بنائی تھی۔

یہ ڈبل سنچری نہ صرف پاکستان کی تاریخ میں تیز ترین ہے بلکہ پاکستانی سرزمین پر بھی یہ سب سے تیز فرسٹ کلاس ڈبل سنچری ہے۔ بھارت کے وریندر سہواگ نے 2006 کے لاہور ٹیسٹ میں 182 گیندوں پر ڈبل سنچری بنائی تھی۔

شان مسعود پہلے دن کے اختتام پر 185 گیندوں پر 212 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ ہیں، اور ان کی کارکردگی نے کرکٹ شائقین کو خوشیوں سے بھر دیا ہے۔