اکتوبر 30, 2026

نیوجرسی میں دو ہیلی کاپٹر آپس میں ٹکرا گئے، ایک ہلاک اور ایک شدید زخمی

امریکی ریاست نیوجرسی کے بیسن روڈ کے علاقے میں دو ہیلی کاپٹروں کے درمیان شدید تصادم ہوا، جس کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک اور ایک شدید زخمی ہو گیا۔ حادثے کے بعد ایک ہیلی کاپٹر میں آگ بھی لگ گئی۔

ہیمونٹن پولیس ڈیپارٹمنٹ کے مطابق ہلاک ہونے والا شخص تصادم کے فوراً بعد جان کی بازی ہار گیا، جبکہ زخمی شخص کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ان کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔ رپورٹ کے مطابق ہیلی کاپٹر میں پائلٹ کے علاوہ کوئی اور سوار نہیں تھا۔

امریکی میڈیا کے مطابق ابتدائی تحقیقات میں ابھی تک حادثے کی وجہ معلوم نہیں ہو سکی، تاہم حکام نے مکمل تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے تاکہ حادثے کے اسباب معلوم کیے جا سکیں اور مستقبل میں ایسے واقعات سے بچاؤ ممکن بنایا جا سکے۔