منڈی بہاء الدین ( ڈاکٹر شاہد راٹھور)ڈپٹی کمشنر عدیل حیدر کی زیر صدارت محکمہ زراعت (توسیع)، واٹر مینجمنٹ، پیسٹ وارننگ اور کراپ رپورٹنگ کی مجموعی کارکردگی کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں متعلقہ محکموں کے افسران نے محکموں کی کارکردگی پر تفصیلی بریفنگ دی، متعلقہ محکموں کے افسران نے وزیراعلی پنجاب کے پراجیکٹس ،جاری سرگرمیوں، کسانوں کی فلاح و بہبود کے لیے جاری مختلف سکیموں، اہداف کے حصول، دستیاب وسائل کے موثر استعمال،اور عوامی فلاح و بہبود کے دیگر اقدامات بارے بتایا۔ ڈپٹی کمشنر عدیل حیدر نے افسران کو ہدایت کی کہ کسانوں کو بروقت اور معیاری سہولیات فراہم کی جائیں، زرعی شعبے کی بہتری اور کراپ رپورٹنگ کے نظام کو موثر اور شفاف بنانے کے لیے فیلڈ سطح پر کارکردگی مزید بہتر کی جائے اورحکومتی پالیسیوں اور فلاحی سکیموں کے ثمرات براہِ راست کسانوں تک پہنچائے جائیں۔





