نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ متحدہ عرب امارات فوجی فاؤنڈیشن گروپ کے کچھ شیئرز حاصل کرے گا جس کے نتیجے میں پاکستان پر واجب الادا ایک ارب ڈالر کی لائبلٹی ختم ہو جائے گی۔ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے بتایا کہ یو اے ای پہلے ہی پاکستان کو 3 ارب ڈالر فراہم کر چکا ہے جبکہ چند ہفتے قبل ایک ارب ڈالر رول اوور ہونا تھا، اس معاملے پر حکومت نے یو اے ای کے ساتھ مسلسل رابطہ رکھا۔
انہوں نے کہا کہ فوجی فاؤنڈیشن گروپ کے شیئرز کے حوالے سے متعدد اجلاس ہو چکے ہیں اور توقع ہے کہ 31 مارچ تک یہ ٹرانزیکشن مکمل ہو جائے گی جس سے ایک ارب ڈالر تک کی لائبلٹی ختم ہو گی۔ اسحاق ڈار کے مطابق گزشتہ روز ہونے والی ملاقات میں جنوری میں رول اوور ہونے والے 2 ارب ڈالر پر بھی بات چیت ہوئی اور کوشش کی جا رہی ہے کہ یو اے ای ان 2 ارب ڈالرز کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی صورت میں استعمال کرے۔





