ٹینس کی دنیا میں ایک انوکھا اور دلچسپ مقابلہ ہونے جا رہا ہے، جس میں ویمن ورلڈ نمبر ون بیلاروس کی ارینا سبالینکا آسٹریلیا کے سابق ویمبلڈن فائنلسٹ نک کرگیوس کا سامنا کریں گی۔ یہ نمائشی میچ اتوار کو دبئی میں ہوگا، اور مرد و خواتین کے درمیان اس قسم کا مقابلہ پوری دنیا کی توجہ کا مرکز بن چکا ہے۔
27 سالہ ارینا سبالینکا نک کرگیوس کے خلاف بیسٹ آف تھری سیٹس کے فارمیٹ میں مد مقابل ہوں گی۔ فیصلہ کن سیٹ ٹائی بریکر پر جانے کی صورت میں ٹائی بریکر 10 پوائنٹس کا ہوگا۔ نک کرگیوس نے ستمبر میں یو ایس اوپن کے دوران سبالینکا کو چیلنج دیا تھا اور ایک انٹرویو میں کہا کہ خواتین مردوں کی تیز سروسز کا مقابلہ نہیں کر سکتیں۔
سبالینکا نے کرگیوس کے چیلنج کو قبول کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس میچ کے ذریعے پوری دنیا کی خواتین ایتھلیٹس کی نمائندگی کرنے پر فخر محسوس کریں گی اور یہ ان کے کیریئر کا بہترین مقابلہ ہوگا۔





