اکتوبر 28, 2026

حکومتِ پاکستان اور ایشیائی ترقیاتی بینک کے درمیان 730 ملین ڈالر کے دو بڑے منصوبوں پر معاہدے

حکومتِ پاکستان اور ایشیائی ترقیاتی بینک کے درمیان مجموعی طور پر 730 ملین ڈالر مالیت کے دو اہم ترقیاتی منصوبوں پر دستخط ہوگئے ہیں۔ وزارتِ اقتصادی امور کے مطابق 330 ملین ڈالر کے سیکنڈ پاور ٹرانسمیشن منصوبے کا معاہدہ طے پایا ہے جس کے تحت مستقبل میں پن بجلی کے منصوبوں سے پیدا ہونے والی 2300 میگاواٹ بجلی کی قابلِ اعتماد ترسیل ممکن بنائی جائے گی۔ اس کے علاوہ 400 ملین ڈالر کے سرکاری ملکیتی اداروں کی ٹرانسفارمیشن پروگرام پر بھی دستخط کیے گئے ہیں، جس کا مقصد ایس او ای ایکٹ اور پالیسی پر مؤثر عملدرآمد کو یقینی بنانا ہے۔ ترجمان اقتصادی امور کے مطابق ایشیائی ترقیاتی بینک کی کنٹری ڈائریکٹر ایما فان نے ان اقدامات پر حکومتِ پاکستان کے اصلاحاتی عزم کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ یہ پروگرام سرکاری اداروں میں بہتری اور حکومتی اصلاحاتی کوششوں کو مزید مضبوط بنائے گا۔