پاکستان نے لیبیا کی نیشنل آرمی (ایل این اے) کو 4 ارب ڈالر سے زائد مالیت کا فوجی سازوسامان فروخت کرنے کا معاہدہ کیا ہے، جس کے تحت 16 جے ایف-17 لڑاکا طیارے اور 12 سپر مشاق تربیتی طیارے فراہم کیے جائیں گے۔
برطانوی خبر ایجنسی رائٹرز کے مطابق یہ معاہدہ پاکستان کی دفاعی برآمدات میں اب تک کا سب سے بڑا معاہدہ ہے۔ پاکستان کے سربراہ فیلڈ مارشل عاصم منیر اور لیبیا کی نیشنل آرمی کے نائب کمانڈر اِن چیف صدام خلیفہ حفتر کی ملاقات کے بعد معاہدے کو حتمی شکل دی گئی۔
رپورٹ کے مطابق معاہدے میں زمینی، بحری اور فضائی سازوسامان کی فروخت بھی شامل ہے، جس کی فراہمی ڈھائی سال کے اندر مکمل ہوگی۔ لیبیا نیشنل آرمی کے میڈیا چینل نے بھی اس دفاعی تعاون کی تصدیق کی ہے۔
رائٹرز نے خبردار کیا ہے کہ لیبیا پر اقوام متحدہ کی جانب سے اسلحے کی خریداری پر پابندی عائد ہے، تاہم پاکستانی عہدیداروں کا کہنا ہے کہ اس معاہدے سے کسی پابندی کی خلاف ورزی نہیں ہوئی۔
معاہدے کے بعد پاکستان کی دفاعی برآمدات میں اہم اضافہ ہوگا اور اسٹریٹیجک تعلقات کو بھی فروغ حاصل ہوگا۔ یاد رہے کہ ستمبر میں پاکستان نے سعودی عرب کے ساتھ بھی اسٹریٹیجک دفاعی معاہدہ کیا تھا۔





